نگران وزیراعلیٰ کے پی کیلئے جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق ہوگیا، حتمی منظوری گورنر دیں گے۔نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال کے بعد پیدا ہونے والے سیاسی بحران کے حل اور نئے وزیراعلیٰ کی تقرری پر مشاورت کے لیے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کی نئے نگران وزیراعلیٰ… محمود خان اور اکرام درانی کی ملاقات میں جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ خیبرپختونخوا کو نگران وزیراعلیٰ نامزدکردیا۔ اتفاق رائے کے بعد نئے وزیراعلیٰ کا نام گورنر خیبرپختونخوا کو بھیجا جا ئے گا۔ جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا تعلق ہزارہ ڈویژن سے ہے، پشاورہائیکورٹ میں جج اور گلگت بلتستان کے چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں۔ گزشتہ روز نگران وزیراعلیٰ اعظم خان دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے جن کی نماز جنازہ چار سدہ میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی تھی۔ اعظم خان کے انتقال کے بعد ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کو خط لکھ کر قانونی رائے پیش کی تھی۔ خط میں کہا گیا تھا کہ نگران وزیراعلیٰ کی وفات پر نگران وزیر اعلیٰ کے عہدے پر آئین خاموش ہے، ایسی صورتحال میں آرٹیکل 224 پر عمل درآمد کرنے کا مشورہ دیتا ہوں، نئے نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کیلئے سابق وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کو مدعو کیا جائے اور نئے نگران وزیر اعلیٰ کی تقرری کا عمل 3 دن کے اندر مکمل کیا جائے۔