کھانا ہاتھ سے کھانے کے فوائد اور نقصانات

کھانا کھاتے ہوئے اکثر لوگ چمچوں اور کانٹوں کا استعمال کرتے ہیں جبکہ خاص طور پر چاولوں کی کوئی ڈش تناول کرتے ہوئے ہاتھ سے کھانا زیادہ پسند کرتے ہیں۔ تاہم کچھ لوگ ہاتھ سے کھانا کھانے کو معیوب اور مضر صحت تصور کرتے ہیں لیکن ایسا کچھ نہیں، کھانے کے لیے ہاتھ کا استعمال چمچوں یا کانٹوں کے استعمال سے زیادہ صحت مند فوائد فراہم کرتا ہے۔ لوگوں کی بہت بڑی تعداد ایسی بھی ہے جو ہاتھ سے کھانا کھانے کے فوائد یا نقصانات سے ناواقف ہے۔ جس طرح کھانے کے لیے ہاتھ کا استعمال چمچوں یا کانٹوں کے استعمال سے زیادہ صحت مند فوائد فراہم کرتا ہے اسی طرح ہاتھ سے کھانا کھانا چند مخصوص حالتوں میں صحت کے مسائل بھی پیدا کرسکتا ہے۔ فوائد: مؤثر ہاضمہہمارے جسم میں اور جِلد پر مفید بیکٹیریا ہوتے ہیں جو ہمیں ماحول میں پائے جانے والے نقصان دہ بیکٹیریاز سے بچاتے ہیں۔ جب آپ اپنی انگلیوں کی مدد سے کھانا اپنے منہ میں رکھتے ہیں تو آپ لاشعوری طور پر ان فائدہ مند بیکٹیریا کو جسم میں داخل کررہے ہوتے جو مناسب ہاضمے میں معاونت فراہم کرتے ہیں۔ ٹائپ 2 ذیابیطس کے خطرات میں کمیعمومی طور پر چمچ اور کانٹے کا استعمال کرتے ہوئے کھانا جلدی کھایا جاتا ہے جبکہ دوسری جانب جلدی جلدی کھانا خون میں شوگر کے عدم توازن کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔ یہ ٹائپ ٹو ذیابیطس کے خطرے کو بڑھاتا ہے، اس لیے چمچوں کا استعمال کرنے کے بجائے اپنے ہاتھوں سے کھائیں تاکہ جان بوجھ کر کھانے کے دوران تھوڑی سست روی اپنائی جائے جس سے نتیجے کے طور پر ٹائپ ٹو ذیابیطس کے خطرے سے حتیٰ الامکان بچا جاسکے۔ آہستہ کھاناجب آپ ہاتھوں سے کھانا کھاتے ہیں تو بہ نسبت کسی چمچ یا کانٹے کے استعمال کے آپ آہستہ رفتار سے کھاتے ہیں۔ علاوہ ازیں اس دوران آپ اپنی خوراک کو اپنے تمام حواس کے ساتھ محسوس کررہے ہوتے ہیں جو آپ کے کھانے کے عمل کو زیادہ مؤثر بناتا ہے۔ خون کی بہتر گردشہاتھوں سے کھانا فائدہ مند ہے کیونکہ یہ ہاتھوں کے پٹھوں کی ایک ورزش بھی ہے جو خون کی گردش میں مدد فراہم کرتی ہے، ہاتھوں کی حرکت خون کے بہاؤ کو بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے جس کا جسم کی مجموعی صحت پر مثبت اثر پڑتا ہے۔ آپ کو فٹ رہنے میں مدد کرتا ہےمندرجہ بالا فوائد کے علاوہ، ایپیٹائٹ جریدے میں شائع ہونے والے دو مطالعات کے مطابق محققین نے پایا کہ جب چمچ وغیرہ کے بجائے جب کھانے کیلئے ہاتھوں کا استعمال کیا جاتا ہے تو یہ پیٹ بھرنے اور سیر ہونے کے احساس کو فروغ دیتا ہے۔ حفظان صحتاپنے ہاتھوں سے کھانا کھانا صفائی کے پہلو سے بھی کہیں زیادہ صحت بخش ہے کیونکہ آپ دن میں کئی بار ہاتھ دھوتے ہیں جبکہ چمچ یا کانٹوں وغیرہ کی بات کی جائے تو وہ دن میں ایک یا دو بار ہی دھُلتے ہیں ۔ زیادہ کھانے سے پرہیزاپنے ہاتھوں سے کھانا آپ کو زیادہ سست روی سے کھانے کی ترغیب دیتا ہے جس سے آپ کم کھانے میں بھی خود کو مطمئن محسوس کر سکتے ہیں اور زیادہ کھانے اور وزن میں اضافے سے بچ سکتے ہیں۔ نقصانات اگر ہمارے ہاتھ صاف نہ ہوں تو جراثیم ہمارے کھانے کے ذریعے اندر داخل ہوسکتے ہیں تو انتہائی مہلک امراض تک کو جنم دے سکتے ہیں ۔ اگر کھانا بہت گرم ہو اس سے ہمارے ہاتھ جل کر زخمی ہو سکتے ہیں، اگر ناخن لمبے ہوں تو کھانے کے ذرات ان میں پھنس سکتے ہیں جو بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔ اگر کھانے سے پہلے کچھ لوشن، سینیٹائزر یا جِلد پر دیگر مواد کا استعمال کیا جائے تو آپ کھانے میں اس مواد کا ذائقہ شامل ہو سکتا ہے اور یہ بعض اوقات خطرناک بھی ہو سکتا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت