پشاور ائیر پورٹ سے منشیات کی بیرون ملک اسمگلنگ ناکام، ملزم گرفتار

ائرپورٹس سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے پشاور ائیر پورٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اے ایس ایف کے عملے نے پشاور سے جدہ جانے والے مسافر سے 1461 گرام سے زیادہ آئس ہیروئن برآمد کر کے اسے حراست میں لے لیا۔
مسافر صاحب دین نے آئس ہیروئن ٹرالی بیگ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لئے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔