ہنگامہ آرائی کا الزام، اسپیکر پنجاب اسمبلی نے 18 لیگی ارکان معطل کردیے

اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی کے الزام میں اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار سبطین خان نے مسلم لیگ ن کے 18 ارکان کو معطل کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسپیکر نے لیگی ارکان صوبائی اسمبلی پر 15 نشستوں کے لیے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ ان تمام ارکان پر ہفتے کے روز ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ہنگامہ آرائی کا الزام ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے جن ارکان اسمبلی کو معطل کیا گیا ہے، ان میں میاں عبدالرؤف، سمیع اللہ خان،ملک محمد وحید،عظمیٰ بخاری، صبا صادق،راحیلہ خادم حسین،ربیعہ نصرت، رابعہ فاروقی،زیب النسا اعوان،ذیشان رفیق، کنول لیاقت ایڈووکیٹ،گلناز شہزادی ،نفیسہ امین،محمد افضل ،عادل بخش،سعدیہ ندیم ،راحت افزا اور سنبل مالک حسین شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ارکان کو معطل کرنے کی وجہ بتائی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو نااہل قرار دیے جانے کے فیصلے کے خلاف سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار قرارداد پیش کر رہے تھے تو اس وقت لیگی ارکان نے اسپیکر ڈائس کے سامنے شور شرابہ کیا تھا۔ اسمبلی سیکرٹریٹ نے لیگی ارکان کی رکنیت معطلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔