پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر افتخار احمد کا کہنا ہے کہ ہر میچ میں کوشش ہوتی ہے کہ اپنا سو فیصد دیں اور ٹیم کو جتوائیں۔
پرتھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار احمد نے کہا کہ مڈل آرڈر کے تمام کھلاڑی پاکستان ٹیم کے لیے رنز کرنے کے لیے بے تاب ہیں، لوگ کہتے ہیں کہ میں سوئپ نہیں مارتا، اس بار پریکٹس کررہا ہوں، اندازہ ہے کہ یہاں کی کنڈیشن میں سوئپ اور ریورس سوئپ کام آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہارنے کے بعد فطری طور پر دل ناراض اور دکھی ہوتا ہے، جس طرح کپتان اور مینجمنٹ نے سپورٹ کیا ہے اس سے اعتماد ملا ہے، آسٹریلیا میں ہمیشہ باؤنسی وکٹ ہوتی ہے اس کے حساب سے تیاری کر کے آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: افتخار احمد آسٹریلیا میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے پاکستانی بیٹر بن گئے
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر نے کہا کہ بڑی ٹیموں کے خلاف اسکور کر کے مورال بلند ہوتا ہے، اس اعتماد کو آگے لے کر جانا ہے، ہر میچ ایک نیا میچ ہوتا ہے، ہر میچ میں کوشش ہوتی ہے کہ اپنا سو فیصد دیں اور ٹیم کو جتوائیں۔
افتخار احمد کا کہنا ہے کہ حارث رؤف ہمارا نامی گرامی بولر ہے، امید ہے یہاں وہ اور بھی اچھی بولنگ کرے گا، زمبابوے بھی انٹرنیشنل ٹیم ہے، اس کے خلاف ایسا ہی کھیلنا جیسا کسی اور کے خلاف کھیلنا ہے، کوشش کریں گے کہ پورے اعتماد کے ساتھ کھیلیں۔






