صحافی ارشد شریف پر قتل سے قبل بہیمانہ تشدد کا انکشاف

نجی ٹی وی نے معروف صحافی اور اینکرپرسن ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تصاویر جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ سینئر صحافی پر قتل سے قبل 2 سے 3 گھنٹے تک بہیمانہ تشدد کیا گیا تھا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں سینئر صحافی نے انکشاف کیا کہ قتل سے پہلے ارشد شریف کو گاڑی سے اُتار کر 3 گھنٹے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ان کی انگلیوں کے ناخن اتارے گئے جبکہ تشدد سے ان کے ہاتھ کی انگلیاں اور پسلیاں بھی توڑی گئیں جبکہ انہیں انتہائی قریب سے گولیاں ماری گئیں اور یہ غلط شناخت کا نہیں بلکہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا قتل ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں بتایا گیا ہے کہ کینیا حکام نے کی جانب سے تفتیش میں بھی تعاون نہیں کیا گیا جبکہ ایک پلان کردہ قتل کو شناخت کی غلطی قرار دے کر رینج پر موجود افراد سے متعلق بھی معلومات فراہم کرنے سے گریز کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سینئر صحافی ارشد شریف کو 22 اور 23 اکتوبر کی درمیانی شب گاڑی میں جاتے ہوئے کینین پولیس نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ کینیا پولیس کی جانب سے ارشد شریف کی موت کو شناخت کی غلطی قرار دے کر افسوس کا اظہار کیا گیا تھا۔