سردیوں میں صحت مند رہنے کیلئے بہترین غذائیں

موسمِ سرما میں‌ جہاں‌ ہمیں‌ ٹھنڈی ہواؤں اور سردی سے اپنے ہاتھوں، پیروں اور جسم کو بچانے کے لیے اونی ملبوسات کا سہارا لینا پڑتا ہے، وہیں غذا اور خوراک میں بھی تبدیلی ضروری ہوتی ہے۔
عام دنوں کی طرح اس موسم میں‌ مخصوص غذائیں اور خوراک ہمیں‌ صحّت و توانائی دینے کے ساتھ اُن امراض اور عام بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتی ہے جو اس موسم میں‌ لاحق ہوسکتی ہیں۔
ہر موسم کی طرح سرما کی کچھ خاص سبزیاں اور پھل ہمارے لیے نہایت مفید ہیں۔ طبّی ماہرین کے مطابق تین غذائی اجناس ایسی ہیں‌ جنھیں‌ ہم اپنی خوراک میں شامل کرلیں‌ تو یہ موسمِ سرما میں نہ صرف نقصان دہ بیکٹیریا سے بچاتی ہیں بلکہ ہماری قوتِ مدافعت بھی بڑھانے میں ان کا اہم کردار ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق بادام، ادرک اور لیموں اور ترش پھلوں میں‌ کینو اس موسم میں ضرور ہماری خوراک میں شامل ہونے چاہییں۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ سردیوں‌ میں انسان کی قوتِ مدافعت کم ہوجاتی ہے؟ طبی ماہرین کے مطابق اس موسم میں ہمیں‌غذائیت بخش خوراک کی ضرورت ہوتی ہے۔ مذکورہ غذائی اجناس اس حوالے سے ہمارے لیے بہت مفید ہیں۔
بادام کی بات کی جائے تو اسے ہم میوہ شمار کرتے ہیں جس میں پندرہ غذائی اجزا میگنیشیم، پروٹین، ریبو فلاوین، زنک اور دیگر شامل ہوتے ہیں۔ اس کا ایک جزو حیاتین ای ہے جو پلمونری امیون کے افعال کو بڑھاتا ہے اور وائرس اور بیکٹریا کے انفیکشن سے بھی تحفظ دیتا ہے۔
دوسرے نمبر پر ادرک اور لیموں ہے، جن کا استعمال سبز چائے کی صورت میں‌ سرد موسم کے منفی اثرات سے بچاتا ہے۔ یہ قوت مدافعت بڑھانے اور مختلف بیکٹریا کے خلاف مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
کینو وہ پھل ہے جو بچّوں اور بڑوں سبھی کو مرغوب ہوتا ہے۔ طبّی ماہرین کے مطابق کینو کے علاوہ لیموں بھی موسمِ سرما کی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے ساتھ ہمارے مدافعتی نظام کو توانا اور مضبوط بناتا ہے اور یوں ہم اس موسم کے منفی اثرات سے محفوظ رہتے ہیں۔

کیٹاگری میں : صحت