کیا ویڈیو گیمز کھیلنا صحت کیلئے نقصان دہ ہے؟

عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ ویڈیو گیمز کھیلنا صحت کے لیے نقصان دہ ہے، تاہم ایک نئی تحقیق کے نتائج اس سے کافی مختلف ہیں۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے ایک محققین کی ٹیم نے سات ویڈیو گیمز کے 39 ہزار کھلاڑیوں پر چھ ہفتوں تک تحقیق کی۔
آکسفورڈ انٹرنیٹ انسٹیٹیوٹ کے مطالعے میں گیمرز کی زندگی کے اطمینان اور ان کے محسوس کردہ جذبات، جیسے کہ خوشی، غصہ یا مایوسی، کے متعلق پوچھ کر ان کی صحت کی پیمائش کی گئی۔
تحقیق میں معلوم ہوا کہ گیم کھیلنے اور صحت کے درمیان انتہائی معمولی یا نا ہونے کے برابر تعلق موجود تھا لیکن گیمر کی صحت میں حوصلہ افزائی کردار ادا کرتی ہے۔
تاہم، تحقیق میں اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ گیمنگ کے اثرات کے حوالے سے بہتر حقائق کو عکس بند کرنے کے لیے مزید کام کی ضرورت ہے۔
تحقیق کے لیے ڈیٹا سات معروف گیمز کے کھلاڑیوں سے حاصل ہوا۔ ان گیمز میں اینیمل کراسنگ، ایپکس لیجنڈ، اِیو آن لائن، فورزا ہورائزن 4، گرین ٹریزمو اور دی کریو 2 شامل ہیں۔
ادارے کے سینئر ریسرچ فیلو پروفیسر اینڈریو پرزیبِلسکی کا کہنا تھا کہ اس دلچسپ تحقیق میں بڑی مقدار میں گیمز کمپنیوں اور کھلاڑیوں کی جانب سے حقیقی پلیئنگ ڈیٹا جمع کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو گیمز کے حقیقی اثرات کی بہتر سمجھ کے لیے مزید مطالعے درکار ہیں۔

کیٹاگری میں : صحت