اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی امجد زیدی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سید امجد علی زیدی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، گزشتہ روز ان کے خلاف تحریک انصاف کے اراکین نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے اسپیکر جی بی اسمبلی سید امجد زیدی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک منگل کی شام کو سیکریٹری جی بی اسمبلی کے پاس جمع کروایا تھا۔ واضح رہے جی بی میں 2020 کے انتخابات کے نتیجے میں بننے والی تحریک انصاف کی حکومت کی تشکیل کے وقت اسپیکر کے عہدے کے لیے پی ٹی آئی کے 2 امیدوار سامنے آئے تھے۔ پارٹی کے صوبائی قائدین کی موجودگی میں یہ طے ہوا تھا کہ حلف اٹھانے کی تاریخ 25 نومبر 2020 تا 25 مئی 2023 ڈھائی سال کے عرصے کے لیے سید امجد زیدی اسپیکر کے عہدے پر فائز رہیں گے جبکہ باقی ماندہ ڈھائی سال کے لیے موجودہ ڈپٹی اسپیکر نذیر احمد ایڈوکیٹ اسپیکر کا عہدہ سنبھال لیں گے۔ امجد علی زیدی کی جانب سے مدت پوری ہونے کے باوجود عہدہ خالی کرنے سے انکار کے باعث پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کی مشاورت سے اسپیکر کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔