نہار منہ پانی پینا کتنا مفید ہے؟ ماہرین نے بتا دیا

اکثر افراد اپنی صبح کا آغاز بیڈ ٹی، کافی، سیر یا فوری ناشتے سے کرتے ہیں، مگر ماہرین صحت کے مطابق جاگنے کے فوراً بعد سب سے پہلے پانی پینا جسم کے لیے سب سے زیادہ فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے — یہاں تک کہ دانت صاف کرنے سے بھی پہلے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ، جاگنے کے فوراً بعد تقریباً 1 لیٹر پانی پینا آپ کے جسمانی نظام کو بہتر انداز میں متحرک کر سکتا ہے۔ اُن کے مطابق، نیند کے دوران تقریباً 6 سے 8 گھنٹے جسم پانی سے محروم رہتا ہے۔ صبح کے وقت سب سے پہلے اسے پانی دینا آپ کے اعضاء کو ’جاگنے‘، زہریلے مادوں کو باہر نکالنے اور نظام کو ہر روز بہتر طریقے سے کام کرنے کے قابل بنانے میں مدد کرتا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق، سب سے اہم فوائد میں سے ایک بہتر ہاضمہ ہے کیونکہ یہ عمل نہ صرف قبض اور پیٹ کی گیس جیسے مسائل کو کم کرتا ہے بلکہ نظام انہضام کو مؤثر بناتا ہے۔ طبی اعتبار سے جو افراد روزانہ صبح پانی سے دن کا آغاز کرتے ہیں، وہ خود کو دن بھر زیادہ ہلکا پھلکا اور تازہ محسوس کرتے ہیں۔ اس کے اثرات جلد پر بھی مثبت انداز میں ظاہر ہوتے ہیں۔ جلد صاف، نم دار اور صحت مند دکھائی دیتی ہے کیونکہ پانی جسم سے فاضل مادوں کو خارج کرتا ہے۔ جلد کے علاوہ، پانی پینا دماغی چستی، توانائی کی سطح میں اضافہ اور بہتر موڈ کے لیے بھی اہم سمجھا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق، جب جسم مناسب مقدار میں ہائیڈریٹ ہوتا ہے تو دماغی کارکردگی بہتر ہوتی ہے اور شخص خود کو زیادہ متحرک محسوس کرتا ہے۔ یہی نہیں، صبح کے وقت پانی پینے سے میٹابولزم تیز ہوتا ہے جو وزن کو قابو میں رکھنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر جب اس کے ساتھ متوازن غذا اور ورزش کا بھی اہتمام کیا جائے۔ البتہ ماہرین نے یہ واضح کیا کہ اگر کسی کو دل، جگر یا گردوں سے متعلق بیماری ہے۔ تو پانی پینے کی مقدار طے کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے، تاکہ ان کی صحت کے مطابق پانی کی مقدار متعین کی جا سکے۔ لہٰذا اگر آپ اپنی صحت، توانائی اور جلد کی بہتری کے لیےایک سادہ، قدرتی اور مؤثر طریقہ چاہتے ہیں تو کل سے ہی صبح اُٹھتے ہی پانی پینے کی عادت اپنائیے۔

کیٹاگری میں : صحت