سیلاب زدگان کیلئے مفت کالنگ سہولت کی توسیع کر دی گئی

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے صارفین کے لیے مفت کالنگ کی سہولت میں توسیع کر دی ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق موبائل آپریٹرز کے تعاون سے سیلاب زدگان کے لیے خصوصی ریلیف اقدامات فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کے تحت متاثرہ اضلاع میں صارفین اکاؤنٹ بیلنس صفر ہونے کے باوجود کال کر سکیں گے۔ پی ٹی اے کے بیان میں کہا گیا کہ اس سہولت سے سیلاب متاثرہ عوام ایمرجنسی خدمات اور اہل خانہ سے بلا روک ٹوک رابطے میں رہ سکیں گے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی خدمات کی مسلسل نگرانی جاری ہے جبکہ روابط میں کسی قسم کا تعطل نہیں آنے دیا جائے گا۔