کیا روبوٹز انسانوں پر حکومت کریں گے؟ دنیا کے پہلے اے آئی وزیر کا تعین

دنیا کے کئی شعبوں میں مصنوعی ذہانت کا استعمال ہو رہا ہے مگر پہلی بار روبوٹ حکمرانی بھی کریں گے۔ جی ہاں یہ کوئی مذاق نہیں بلکہ حقیقت ہے۔ یورپی ملک البانیہ نے دنیا کے پہلا آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے تیار کردہ وزیر متعارف کرایا ہے۔ البانوی وزیراعظم ایڈی راما نے خود اے آئی وزیر کے تقرر کا اعلان کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق البانیہ کے وزیراعظم نے اے آئی وزیر کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو بدعنوانی سے پاک کرنے کے لیے اے آئی سے تیار کردہ دنیا کے پہلے وزیر کا تقرر کیا ہے۔ یہ وزیر عوامی ٹینڈرز کی نگرانی کرے گا۔ رواں ماہ مئی میں الیکشن میں بڑی کامیابی کے بعد وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے والے ایڈی راما نے گزشتہ روز اپنی حکومت کے نئے وزیر کا تعارف کابینہ میٹنگ میں دوسرے ساتھی وزرا سے کرایا۔ جب کہ وہ جلد ہی اپنی نئی کابینہ کو قانون سازوں کے سامنے پیش کرنے والے ہیں۔ اس روبوٹک وزیر کا البانوی زبان میں ’’ڈائیلا‘‘ نام رکھا گیا ہے، جس کا مطلب سورج ہے۔ اور وزیراعظم اس کے ذریعہ ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ ایڈی راما نے مزید کہا کہ ’’ڈائیلا‘‘ پہلا حکومتی رکن ہے، جو جسمانی طور پر تو موجود نہیں۔ لیکن عملی طور پر وہ جس کام کے لیے تخلیق کیا گیا ہے اس کو احسن طریقہ سے انجام دے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’ڈائیلا‘‘ کو عوامی ٹینڈرز کے تمام فیصلے سونپے جائیں گے تاکہ وہ “100 فیصد بدعنوانی سے پاک ہوں۔ اس عمل کے ذریعہ ٹینڈر کے طریقہ کار میں جمع کیا جانے والا ہر پبلک فنڈ بالکل شفاف ہوگا۔ ڈائیلا کی رواں برس جنوری میں ورچوئل اسسٹنٹ کے طور پر آزمائش شروع کی گئی تھی۔ یہ غیر انسانی وزیر روایتی البانیائی لباس میں ملبوس ایک خاتون سے مشابہت رکھتا ہے۔