ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا ہائی وولٹیج میچ آج پاک بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ کرکٹ کے سب سے بڑے حریف ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے۔ پاکستان اور بھارت آج گروپ اے کے میچ میں دبئی میں ٹکرائیں گے۔ یہ دونوں ٹیموں کے درمیان چھ ماہ کے دوران دوسرا مقابلہ ہوگا، اس سے قبل وہ چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں آمنے سامنے آئے تھے۔ حالیہ فارم کی بات کریں تو دونوں ٹیمیں بہترین کارکردگی دکھا رہی ہیں۔ بھارت نے ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان نے افغانستان اور یو اے ای کو شکست دے کر سہ ملکی سیریز اپنے نام کی۔ دبئی کے گرم موسم میں یہ میچ کھیلا جائے گا، جہاں دن کے وقت درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، تاہم میچ کے دوران سورج غروب ہونے کے بعد درجہ حرارت 33 ڈگری تک رہے گا۔ ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں کا ریکارڈ بھی دلچسپ ہے اور شائقین کے لیے یہ میچ سنسنی خیز ثابت ہونے والا ہے۔ بھارت نے اب تک 19 میچوں میں سے 10 میں کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان نے 6 جیتے ہیں۔ پاکستان کی بھارت کے خلاف ایشیا کپ میں آخری فتح 2022 میں آئی تھی۔ بھارت 8 بار ایشیا کپ کا چیمپئن بن چکا ہے جبکہ پاکستان نے یہ اعزاز صرف 2 مرتبہ حاصل کیا ہے۔ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم نے پریکٹس کے بجائے آرام کو ترجیح دی جبکہ بھارتی ٹیم نے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔ پاکستانی شائقین کرکٹ نے بھارت کے خلاف میچ سے بڑی اُمیدیں باندھ لی ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ پاکستانی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔ پاک بھارت ٹاکرا پاکستانی وقت کے مطابق آج شام 7:30 بجے شروع ہوگا۔
