قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر صائم ایوب کا کہنا ہے کہ ہمارا اصل ہدف صرف بھارت کے خلاف کامیابی نہیں بلکہ ایشیا کپ کی ٹرافی اٹھانا ہے۔ دبئی میں پاک بھارت میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم ہر حریف کے خلاف بے خوف کرکٹ کھیلنے کا عزم رکھتی ہے۔ پلیئنگ الیون کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا انتخاب ہمیشہ پچ کی کنڈیشنز کے مطابق کیا جاتا ہے، اگر وکٹ خشک ہو تو اسپنرز کو موقع دیا جاتا ہے۔ صائم ایوب نے مزید کہا کہ دباؤ کے لمحات میں جیتنا ہی اصل امتحان ہے، کیونکہ جب کوئی کھلاڑی میچ جتوا دیتا ہے تو پچھلی کارکردگیاں پسِ پشت چلی جاتی ہیں۔ ان کے مطابق ٹیم ورک اور مشترکہ کوشش ہی بڑے مقابلوں میں کامیابی کی ضمانت ہے۔ صائم ایوب نے کہا کہ امریکہ میں کھیلے جانے والے پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی میچ کی کچھ خاص یادیں نہیں ہیں، مینجمنٹ کا مشورہ ہے کہ ماضی سے سبق سیکھیں اور حال پر فوکس رکھیں۔
