اکثر یہ فیصلہ کرنا مشکل ہوتا ہے کہ ہمیں ہر رات کتنے گھنٹے کی نیند لینی چاہیے۔ طبی ماہرین کے مطابق زیادہ تر بالغ افراد کو روزانہ 7 سے 9 گھنٹے کی نیند درکار ہوتی ہے، لیکن یہ دورانیہ عمر اور انفرادی ضروریات کے مطابق مختلف ہوسکتا ہے۔ خوش قسمتی سے ایک مفت آن لائن ٹول کے ذریعے آپ آسانی سے جان سکتے ہیں کہ آپ کی نیند کا دورانیہ مناسب ہے یا نہیں۔ یہ ٹول، جسے “سلیپ کیلکولیٹر” کہا جاتا ہے، صرف دو سوال پوچھتا ہے اور اس میں کسی قسم کی ذاتی معلومات جیسے نام یا ای میل ایڈریس کی ضرورت نہیں ہوتی۔ سلیپ فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ نیند کی کمی مختصر اور طویل مدت میں جسمانی، ذہنی اور جذباتی صحت پر منفی اثر ڈالتی ہے۔ نیند کا معیار میٹابولک افعال، مدافعتی نظام، دل کی صحت اور دماغی کارکردگی سے براہِ راست جڑا ہوا ہے۔ اس ٹول کو استعمال کرنے کے لیے آپ کو اپنی عمر کی کیٹیگری بتانا ہوتی ہے۔ اس میں 12 کیٹیگریز موجود ہیں، جو نومولود (0 سے 3 ماہ) سے لے کر 65 سال سے زائد عمر کے افراد تک شامل ہیں۔ کیونکہ مختلف عمر کے افراد کے لیے نیند کا دورانیہ مختلف ہوتا ہے، اس لیے عمر ایک اہم فیکٹر ہے۔ اس کے بعد ٹول آپ سے آپ کے نیند کے شیڈول کے بارے میں پوچھتا ہے، جیسے آپ کس وقت سوتے ہیں اور کب اٹھتے ہیں۔ جب یہ معلومات درج کر دی جائیں تو “کیلکولیٹ” بٹن پر کلک کرنے کے بعد یہ ٹول آپ کو بتاتا ہے کہ آپ کے لیے ہر رات کتنی نیند ضروری ہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ اس ٹول میں 26 سے 35 سال کی عمر کی رینج کا انتخاب کرتے ہیں اور صبح جاگنے کا وقت 8 بجے بتاتے ہیں تو یہ ٹول بتاتا ہے کہ آپ کو رات کو 10 بج کر 45 منٹ پر بستر پر چلے جانا چاہیے۔ یعنی ہر رات 9 گھنٹے 15 منٹ بستر پر گزارنے چاہیے یا کم از کم بھی 7 گھنٹے 45 منٹ بستر پر گزاریں۔ سلیپ فاؤنڈیشن کے مطابق یہ ٹول نیند کے حوالے سے اہم ہے اور آپ کو بتاتا ہے کہ آپ کی نیند کا شیڈول کتنا ہونا چاہیے۔ ادارے نے بتایا کہ ویسے تو یہ ٹول عمر کے لحاظ سے بتاتا ہے کہ ایک فرد کو ہر رات کتنی نیند کی ضرورت ہوسکتی ہے مگر اس کا انحصار دیگر عناصر جیسے مجموعی صحت پر بھی ہوتا ہے۔ عام طور پر ماہرین کی جانب سے بالغ افراد کو ہر رات 7 سے 9 گھنٹوں کی نیند کا مشورہ دیا جاتا ہے جبکہ 7 گھنٹے سے کم سونے والے افراد میں مختلف امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق 13 سے 18 سال کے بچوں یا نوجوانوں کو 8 سے 10 گھنٹے جبکہ 6 سے 12 سال کی عمر کے بچوں کو 9 سے 12 گھنٹوں کی نیند کی ضرورت ہوتی ہے۔
