میٹا نے اپنی سوشل میڈیا ایپ تھریڈز میں صارفین کے لیے گروپ چیٹس کا نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین اب بیک وقت متعدد دوستوں سے گفتگو کر سکیں گے، اور ہر ایک کو الگ الگ ڈائریکٹ میسج بھیجنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ میٹا کے مطابق، تھریڈز صارفین اب ایک نئے پیغام کے ذریعے گروپ چیٹ بنا سکتے ہیں جس میں زیادہ سے زیادہ 50 ایسے افراد کو شامل کیا جا سکتا ہے جو انہیں فالو کر رہے ہوں۔ صارفین چاہیں تو گروپ چیٹ کا نام بھی تبدیل کر سکتے ہیں تاکہ گفتگو کے موضوع کو واضح کیا جا سکے۔ یہ فیچر فیس بک میسنجر کے گروپ چیٹس کی طرز پر بنایا گیا ہے تاکہ تھریڈز پر رابطہ اور بات چیت مزید آسان ہو سکے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ گروپ چیٹ سپورٹ کو دنیا بھر میں مرحلہ وار متعارف کرایا جا رہا ہے، تاہم فی الحال یہ فیچر برطانیہ اور آسٹریلیا میں دستیاب نہیں ہوگا۔ میٹا کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مستقبل میں تھریڈز صارفین کے لیے ان باکس منیجمنٹ ٹولز کو بہتر بنایا جائے گا اور وہ تھریڈز صارفین کو گروپ چیٹس کا حصہ بننے کی دعوت ایک لنک شیئر کرکے دے سکیں گے۔ گروپ میسجنگ کا فیچر اس وقت متعارف کرایا گیا ہے جب تھریڈز کی جانب سے ڈائریکٹ میسجز کا فیچر یورپی یونین میں پیش کیا جا رہا ہے۔






