اسرائیل کا غزہ میں جنگ بندی سے انکار، مزید 301 فلسطینی شہید

اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نےہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ میں جاری دہشتگرد حملے روکنے سے انکار کردیا، ایک بیان میں اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل 7 اکتوبر کے حملوں کے بعد حماس سے دشمنی ختم کرنے پر اتفاق نہیں کرے گا۔ 7 اکتوبرسے جاری حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار 400 ہوگئی جب کہ 23 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں، شہدا میں سے 73 فیصد بچے،خواتین اور عمررسیدہ افراد ہیں۔ اسرائیلی حملوں سے ہائرایجوکیشن سے وابستہ سوا 400 طلبہ بھی شہید ہوئے ہیں جب کہ اقوام متحدہ کے ہلاک اہلکاروں کی تعداد 63 تک جاپہنچی ہے۔ اس کے علاوہ غزہ کے ترک فلسطینی دوستی کینسر اسپتال پر بھی اسرائیل کی جانب سے بمباری کی گئی جس کی و جہ سے اسپتال کا ایک حصہ تباہ ہوگیا۔ دن رات فضائی حملوں نے غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا، 45 فیصد رہائشی مکان اور عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں جب کہ سامان کی قلت کے سبب اقوام متحدہ کو امدادی مشن محدود کرنا پڑگیا۔