عمران خان کو سیاسی دھارے سے باہر کرنے کا مقصد پاکستان کو کمزور کرنا ہے: فواد چوہدری

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو سیاسی دھارے سے باہر کرنے کا مقصد پاکستان کو کمزور کرنا ہے، چیف الیکشن کمشنر کا فیصلہ ملک کے عوام نے مسترد کردیا، فیصلے کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ بند کمروں میں فیصلے کرنے کا زمانہ گزر گیا، ملک کے مقبول ترین لیڈر کو نا اہل کیا گیا جس پر عوام نے عمران خان سے اپنی محبت کااظہار کیا، پارٹی کی کوئی اپیل نہیں تھی اور پورے ملک میں لوگ نکلے، کل سب سے پہلے کوئٹہ ، گلگت بلتستان اور دیامر میں احتجاج ہوا، راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی ، سکھر ، گوجرانوالہ کس شہر میں لوگ باہر نہیں نکلے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن نے اب تک عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ جاری نہیں کیا اور اس فیصلے میں تبدیلی کرکے حکومت کی مرضی کی چیزیں شامل کی جارہی ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹے سے زیادہ گزر گئے ،الیکشن کمیشن کا فیصلہ جاری نہیں ہوا، ابھی تک الیکشن کمیشن نے فیصلے کی کاپی نہیں دی، اگر آپ کےپاس فیصلہ موجود نہیں تو آپ نےکیا سنایا ہے؟ فارن فنڈنگ کیس میں بھی الیکشن کمیشن نےویب سائٹ پر فیصلہ جاری کیا، اس فیصلے میں بھی تبدیل کی جارہی ہے، اور حکومت کی مرضی کی چیزیں شامل کی جارہی ہیں، سازشیں بند کمروں سے باہر نہیں آ پارہیں، سازشیں جب بھی باہر آئیں تو سازشوں اور سازشیوں کو گلے سے پکڑیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں الیکشن کمیشن سے پہلے بھی کوئی امید نہیں تھی، ان کا نشانہ صرف عمران خان ہے لیکن یہ عمران خان کا نہیں پاکستان کے 22کروڑ عوام کا مسئلہ ہے، آج پاکستان میں انقلاب کی ابتدا ہوگئی ہے۔