جمہوریت اور پاکستان سے بڑھ کر کچھ بھی عزیز نہیں: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی و وفاقی وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بیگم نصرت بھٹو کی برسی کے موقع پر جاری پیغام کہا ہے کہ جمہوریت اور پاکستان سے بڑھ کر کچھ بھی عزیز نہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ جمہوریت نے ہمیں سکھایا ہے کہ برداشت اور صبر سے بڑی کوئی جراَت نہیں، بیگم نصرت بھٹو نے ہمیں سکھایا کہ جمہوریت اور پاکستان سے بڑھ کر کچھ بھی عزیز نہیں، نصرت بھٹو جمہوریت پسندوں کے لیے ہمت، عزم اور استقلال کا منارہِ نور تھیں۔
بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو اور ان کے اہلخانہ کے تذکرے کے بغیر پاکستان کی سیاسی تاریخ نامکمل ہوگی، مادرِ جمہوریت نے ظلم و جبر کا مقابلہ کیا اور ذاتی سانحات برداشت کیے، بیگم نصرت بھٹو نے اپنے غم کو طاقت میں تبدیل کرکے عوامی حقوق کی حفاظت کی۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ پارٹی قیادت اور جیالے مادرِ جمہوریت کو صرف آج کے دن نہیں، ہر روز یاد کرتے ہیں، بیگم نصرت بھٹو کا کردار، جدوجہد اور قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔