ارشد شریف قتل کیس میں سونے کی اسمگلنگ کی تحقیقات کی جائے گی: رانا ثنا اللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا سینئر صحافی ارشد شریف کی کینیا میں قتل کی تحقیقات سے متعلق اہم بیان سامنے آگیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بیان میں کہا کہ سینئرصحافی ارشد شریف کے کینیا میں قتل سےمتعلق حقائق جاننے کیلئے اعلی سطحی تین رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے، جو ایف آئی اے اورانٹیلی ایجنسیز کے اعلی افسران پرمشتمل ہے۔ تحقیقاتی ٹیم فوری طور پرکینیا روانہ ہوگی اورارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کرکے حتمی رپورٹ وزارت داخلہ کو پیش کریگی۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم ارشدشریف کیس میں پاکستان کے ایک نجی چینل سے منسلک شخصیت کے کینیا میں سونے کی اسمگلنگ کے کاروبار سے متعلق قائم کمپنی کے کردار کا جائزہ لے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے وزارت داخلہ نے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی
انہوں نے مزید کہا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم ارشد شریف کی پاکستان سے دبئی اور پھر دبئی سے کینیا روانگی کی مکمل وجوہات اورمحرکات کا جائزہ لے گی۔ ایک سیاسی شخصیت کے اعتراف کے بعد،تحقیقاتی ٹیم ارشد شریف کو پاکستان سے دبئی اور پھر سے کینیا جانے پر مجبور کرنے کے عوامل کا بھی جائزہ لے گی۔ تحقیقاتی ٹیم، کینیا پولیس اور دیگر ذرائع سے حاصل شدہ معلومات اور شواہد کی روشنی میں اپنی ایک آزادانہ رپورٹ مرتب کرکے وزارت داخلہ کو پیش کرے گی۔