این اے 45 کرم، ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل جاری

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 کرم میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے۔
کرم میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ صبح آٹھ بجے سے شروع ہوئی جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔
الیکشن کمیشن اعلامیہ کے مطابق الیکشن کی مانیٹرنگ کےلئے خصوصی کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں۔
این اے 45کرم میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور جے یو آئی کے جمیل خان میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
جماعت اسلامی کے شیر محمد خان بھی میدان میں ہیں۔ یہ سیٹ پی ٹی آئی کے ایم این اے فخرزمان کااستعفی منظورہونے کی وجہ سےخالی ہوئی تھی۔
کرم کے حلقہ این اے 45 میں کل 143پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 119 کو حساس جبکہ 24 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 1 لاکھ 98 ہزار 618 ہے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 13 ہزار 349 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 87 ہزار 269 ہے۔
ڈی پی او کرم کے مطابق حلقے میں سیکیورٹی کے بھی فل پروف انتظامات کیے گئے ہیں، پولنگ سٹیشنز اور علاقے میں 2100 نفری تعینات کردی گئی ہے۔