7 ماہ میں مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے: عمران خان

سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ 2 ڈاکو خاندانوں کے دور میں بھارت اور بنگلا دیش معاشی میدان میں پاکستان سے آگے نکل گئے۔
تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ جب سے ہماری حکومت ہٹائی گئی ہے ہماری معیشت کا قتل ہوا ہے۔اگر ہم سوچ رہے ہیں کہ دو خاندانوں نے ہمارا قرضہ 4 گنا بڑھایا، اگر ہمیں ان کے لئے قرضے کی قسطیں واپس نہیں کرسکتے، تو ہم دیوالیہ ہوجاتے ہیں اور پوری دنیا ہمیں پیسے دینا بند کردیتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اگر ہم دیوالیہ ہوئے تو ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید نیچے جائے گا، روپے کی قدر کتنی گرے گی اس بارے میں کوئی بھی نہیں کہہ سکتا کیونکہ دیوالیہ ہونے کی وجہ سے ڈالر ہمارے ملک میں نہیں آئیں گے۔ میرا سوال موجودہ حکومت کو لانے والوں سے ہے کہ اس سب کا ذمہ دار کون ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں 50 سال کے دوران سب سے زیادہ مہنگائی گزشتہ 7 ماہ میں ہوئی ہے۔ ہمارے دور میں مہنگائی 16 فیصد اور آج 27 فیصد ہوچکی ہے، ہمارے دور میں معیشت بڑھ رہی تھی اور ملک ترقی کر رہا تھا، ہماری برآمدات گر رہی ہیں، ترسیلات زر گھٹ گئیں اور ٹیکس وصولیاں بھی کم ہوگئی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اسحاق ڈار کو خاص طور پر باہر سے لایا گیا، اسحاق ڈار نے کہا موڈیز کو ٹھیک کروں گا اب غائب ہو گیا ہے، 2 ڈاکو خاندانوں کے دور میں بھارت اور بنگلا دیش معاشی میدان میں پاکستان سے آگے نکل گئے، ان کی دولت میں اضافہ ہونے لگا اور پاکستان مقروض ہونے لگا۔
عمران خان نے کہا کہ جو قرض دے گا وہ ہم سے قیمت بھی وصول کرے گا، اگر پاکستان قومی سلامتی پر سمجھوتہ کرتا ہے تو اس سے نواز شریف کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، نواز شریف سرکاری خرچے پر 23 مرتبہ لندن کے نجی دورے پر گئے، آصف زرداری نے دبئی کے 50 دورے کئے، یہ لوگ برطانیہ میں بیٹھ کر ڈیل کرتے ہیں اور گرین سگنل ملنے پر واپس آجاتے ہیں۔