سعودی عرب کی ایک بار پھر پاکستان کیلئے بڑی امداد

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (SFD) نے مملکت سعودی عرب کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالرز کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم سعودی عرب کے سفارتخانے کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈپازٹ کی مدت میں توسیع سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو فراہم کی جانے والی حمایت کا تسلسل ہے۔
جاری کردہ بیان کے مطابق ڈپازٹ کا مقصد بینک میں غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کو بڑھانا اور COVID-19 جیسی وبائی امراض کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی اثرات کا سامنا کرنے میں پاکستان کی مدد کرنا ہے، بیرونی شعبوں کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور ملک کے لیے پائیدار اقتصادی ترقی حاصل کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا بھی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (SFD) کے ذریعے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ گزشتہ سال نومبر 2021 میں 3 ارب ڈالرز کے ڈپازٹ معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔