سیلاب کے باعث خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تعلیمی ادارے بند

حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کے سبب خیبر پختون خوا کے مختلف اضلاع میں تعلیمی ادارے کئی روز کے لیے بند کردیے گئے۔
سیلابی صورتحال کے سبب خیبر پختون خوا کے مختلف اضلاع ڈی آئی خان، ٹانک، دیر اور چترال میں تعلیمی ادارے بند کیے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اپر چترال میں دس روز تک، ٹانک میں 3، ڈی آئی خان میں 2 روز تک اور دیر میں بھی دو روز تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق دیر، چترال اور ٹانک کے تمام نجی و سرکاری اسکولز، کالجز اور دوسرے ادارے بند رہیں گے، فیصلہ کسی بھی جانی نقصان سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل دیر بالا میں اسکول کے پانچ بچے سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہوگئے تھے۔