وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا ہےکہ عمران خان ابھی تک اداروں کی منتیں کر رہے ان کے حق میں مداخلت کریں، یہ ابھی تک امید لگائے بیٹھے ہیں کہ ان کو 2018 کی طرح اقتدار میں لایا جائےگا۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے شیری رحمان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کہتے ہیں مارچ تک اسمبلی تحلیل نہیں ہوں گی، خیبر پختونخوا والے کہتے ہیں پہلے پنجاب اسمبلی تحلیل کرو۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان اسمبلی تحلیل کرنےکو سیاسی دھمکی کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں، حکومت عمران خان کی کسی دھمکی میں نہیں آئےگی، سیاست میں بات چیت غیر مشروط ہوتی ہے، بات چیت سے پہلے مطالبات نہیں کیے جاتے، اگر انتخابی فریم ورک پر بات کرنا چاہتے ہیں تو مثبت یو ٹرن لیں اور اسمبلی آئیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات کے ذمہ دار عمران خان خود ہیں، عمران خان حکومت میں ہوتے تو ملک ڈیفالٹ ہو چکا ہوتا۔






