کیمرون: ہاتھیوں کے ریوڑ نے آبادی میں گھس کر تباہی مچادی

افریقی ملک کیمرون میں ہاتھیوں کے ایک ریوڑ نے دیہات میں گھس کر بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور کئی گھر تباہ ہوگئے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیمرون کے دارالحکومت مارووا کے ایک دیہات میں 4 ہاتھی داخل ہوگئے جنھوں نے ایک بچے کو کچل کر ہلاک کردیا اور املاک کو شدید نقصان پہنچایا۔
ہاتھیوں کو بھگانے کے لیے مشتعل ہجوم نے شور شرابہ کیا جس سے ہاتھی بدک گئے اور ہجوم پر چڑھ دوڑے جس کے باعث ایک اور شخص ہاتھیوں کے قدموں تلے کچل کر ہلاک ہوگیا جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔
بعد ازاں وائلڈ لائف کے اہلکاروں نے ہاتھیوں کے ریورڈ کو شہری آبادی سے نکال کر دوبارہ جنگل کی طرف دھکیلا تاہم ہاتھیوں کے دوبارہ دیہات میں داخل ہونے کے امکانات کے پیش نظر دیہاتیوں کو تربیت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔