سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جونئیر ہاکی ٹیم بھارت نہیں جائے گی

وفاقی حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا، جس میں بھارتی شہروں میں کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس فیصلے سے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن رانا مجاہد نےانٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو پاکستان کے میچز کے لیے نیوٹرل وینیو کے اختیار کا امکان بھی فراہم کیا۔ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 28 نومبر سے بھارت میں شروع ہوگا اور 11 دسمبر تک جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان سینئر ہاکی ٹیم بھی سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بھارت میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت نہیں کر سکی تھی۔