خشک میوہ جات اور ان میں پایا جانے والا روغن انسانی صحت کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے جبکہ بادام سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے استعمال سے انسانی جسم کو بے شمار کرشماتی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ بادام صحت بخش غذا ہے جس کے استعمال سے فربہ جسم کو سیڈول جسم بنانے میں مدد مل سکتی ہے کیوں کہ یہ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں۔ باداموں میں وافر مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جس سے ناصرف عمر طویل ہوتی ہے بلکہ چہرے اور جسم پر بڑھتی عمر کے اثرات بھی جَلد ظاہر نہیں ہوتے ہیں، باداموں کا استعمال کینسر کے خدشات کو بھی کم کرتا ہے۔ باداموں میں متعدد غذائی اجزا پائے جاتے ہیں جیسے کہ وٹامن ای، غذائی فائبر، میگنیشم، کاپر، زنک، آئرن، پوٹاشیم، کیلشیم، پروٹین، وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈینٹ وغیرہ۔ مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ بادام متعدد طریقوں سے ہماری مجموعی صحت کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں لیکن صبح نہار منہ خالی پیٹ بھیگے ہوئے بادام کھانے کے صحت پر مزید فوائد حاصل ہوتے ہیں جن میں سے چند درج ذیل ہیں۔ دماغی صحت کے لیے مفید بادام میں وٹامن ای کی مقدار بہت زیادہ پائی جاتی ہے جس سے دماغی صحت بہتر ہوتی ہے، اس کے علاوہ بھیگے ہوئے بادام یادداشت کے لیے معاون ثابت ہوتے ہیں، بادام دماغ کو تیز رکھنے کے ساتھ ساتھ متعدد صحت کے فوائد بھی فراہم کرتے ہیں۔ بھیگے ہوئے بادام وزن تیزی سے کم کرتے ہیں وزن میں کمی کے خواہشمند افراد کو باداموں کو روزانہ کی غذا کا حصہ بنانے پر غور کرنا چاہیے، بادام کو بھگو کر کھانا جسمانی وزن میں کمی کے عمل کو تیز کرتا ہے، اس میں موجود مونوسیچوریٹڈ فیٹ بے وقت بھوک کی خواہش پر قابو پانے میں مدد دیتے ہیں۔ دل کی صحت بہتر بناتے ہیں تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ روزانہ مٹھی بھر بادام کھانے سے جسم میں نقصان دہ کولیسٹرول کے لیول کو کم اور صحت بخش کولیسٹرول کے لیول کو برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ بادام کو اسنیک کے طور پر کھانے سے Alpha-1 HDL کا لیول بڑھتا ہے، یہ کولیسٹرول کی ایسی قسم ہے جو دل کی صحت بہتر رکھنے میں مدد کرتی ہے، اس میں موجود پوٹاشیم اور پروٹین دل کو مضبوط کرتے ہیں۔ باداموں میں پائے جانے والے وٹامن ای سے دل کی بیماریاں دور ہوتی ہیں جبکہ میگنیشیم دل کا دورہ پڑنے سے محفوظ رکھتا ہے۔ ہڈیوں اور دانتوں کی مضبوطی باداموں میں کیلشیم، میگنیشیم اور فاسفورس موجود ہوتے ہیں جو کہ صحت مند اور مضبوط دانتوں اور ہڈیوں کے لیے ضروری قرار دیئے جاتے ہیں، اس میوے کے استعمال سے ہڈیوں کے فریکچر اور بھربھرے پن کا خطرہ کم ہو جاتا ہے جبکہ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ دانتوں کے مسائل کے خطرات بھی کم ہو جاتے ہیں۔ جِلد صحت مند اور خوبصورت بناتے ہیں اگر آپ صحت مند جِلد حاصل کرنا چاہتے ہیں تو بھیگے ہوئے مٹھی بھر باداموں کا استعمال آج ہی سے شروع کر دیں، باداموں میں موجود اینٹی آکسیڈینٹس خاص طور پر وٹامن ای، عمر بڑھنے کی علامات کو کم کرنے اور جلد کو آزاد ریڈیکلز کی وجہ سے ہونے والے نقصان سے بچانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ قوتِ مدافعت کو مضبوط بناتے ہیں باداموں میں ایک مخصوص مقدار میں فائبر موجود ہوتا ہے جسکے استعمال سے نظامِ ہاضمہ بہتر اور قوت مدافعت مضبوط ہوتا ہے، ان میں فائبر زیادہ ہونے کے سبب یہ کولون کینسر کے خطرات کو بھی کرتے ہیں۔ باداموں میں وٹامن ای اور فلاوینائڈز کی بھی بھرپور مقدار پائی جاتی ہے جو چھاتی کے کینسر سے بھی بچاتی ہے۔





