اخروٹ بیشتر افراد کو پسند ہوتے ہیں اور انہیں مختلف پکوانوں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اسے سال بھر کھایا جا سکتا ہے اور صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ہوتا ہے۔ صحت پر اخروٹ کے فوائد پر سائنسدانوں نے کافی کام کیا ہے اور امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن نے اسے دل کی صحت کے لیے بہترین قرار دیا ہے۔ اخروٹ میں چکنائی، فائبر، پروٹین، کاربوہائیڈریٹس، پوٹاشیم، وٹامن ای، میلاٹونین اور پولی فینولز جیسے اجزا موجود ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ گری اومیگا 3 فیٹی ایسڈز کے حصول کا بھی اچھا ذریعہ ہے۔ اس کے چند فوائد درج ذیل ہیں۔ کولیسٹرول کی سطح میں کمیایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اخروٹ کھانے سے بلڈ کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے۔ اسی طرح امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اخروٹ کے استعمال سے کولیسٹرول کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس میں موجود چکنائی صحت کے لیے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے۔ بلڈ پریشر کنٹرول میں رہتا ہےتحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اخروٹ میں موجود چکنائی ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ تحقیق کے مطابق اخروٹ میں موجود چکنائی اور فیٹی ایسڈز سے خون کی شریانیں کشادہ ہوتی ہیں جس سے بلڈ پریشر کی سطح گھٹ جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس گری میں موجود وٹامن ای شریانوں میں مواد کو جمع ہونے سے روکتا ہے۔ دل کے لیے مفیداخروٹ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے اور یہ غذائی جز ورم کش ہوتا ہے جس سے دل کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ خون میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کی مقدار بڑھنے سے ہارٹ اٹیک سے موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ اسی طرح اخروٹ کھانے سے ورم کم ہوتا ہے اور ورم بڑھنے سے امراض قلب کا خطرہ بڑھتا ہے۔ ذیابیطس کا خطرہ کم کرےتحقیق کے مطابق اخروٹ سمیت دیگر گریوں کے استعمال سے ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ 30 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔ اسی طرح اگر کوئی فرد ذیابیطس کا مریض ہے تو اخروٹ کھانے سے بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ جسمانی وزن میں کمیاگرچہ اخروٹ میں کیلوریز کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے مگر تحقیقی رپورٹس کے مطابق اس سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس میں موجود متعدد اجزا جیسے فائبر اور پروٹین اس حوالے سے مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ فائبر اور پروٹین کو ہمارا جسم دیر سے ہضم کرتا ہے جس سے پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رہتا ہے اور بے وقت کچھ کھانے سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔ اسی طرح یہ گری بلڈ شوگر کو مستحکم رکھ کر بھی جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ جسمانی توانائی میں اضافہاخروٹ میں موجود غذائی اجزا جسمانی توانائی میں اضافہ کرتے ہیں جس سے دن بھر مستعد رہنے میں مدد ملتی ہے۔ تحقیقی رپورٹس کے مطابق تھکاوٹ کے احساس سے لوگ ایسی غذاؤں کا انتخاب کرنے لگتے ہیں جو فوری توانائی فراہم کر سکیں جیسے میٹھا، جس کے نتیجے میں بلڈ شوگر کی سطح بہت تیزی سے بڑھتی ہے اور پھر گھٹ جاتی ہے۔





