عمران خان پہلے چوکی دار کی تنخواہ بند کرتے اورپھر 10 منٹ بعد چوکی داروں کے پاؤں پڑے: وزیر داخلہ

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بے شرم انسان روز کہتا ہے کہ میرے ساتھ عوام کا سمندر ہے، پہلے چوکی دار کی تنخواہ بند کرنے کی بات کرتے ہو اور 10 منٹ بعد چوکی داروں کے پاؤں پڑے ہوتے ہو، احساس پروگرام میں جب انکوائری ہوگی تو تم سب لوگ پکڑے جاؤ گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ وہ لوگ ہیں جو اس فتنہ کی وجہ سے گمراہ ہو چکے ہیں، یہ لانگ مارچ 7 سے 8 ہزار لوگوں سے شروع ہوا اور آج مارچ میں ٹوٹل پانچ سے 7 سو لوگ تھے جب شروع ہوا۔
رانا ثنا نے کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنا اور لوگوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، پی ٹی آئی کے لوگ مسلح جتھے لے کر اسلام آباد پر حملہ آور ہورہے ہیں، علی امین گنڈا پور اسلحہ لے کر لانگ مارچ کے ذریعے آرہے ہیں، فساد کرنے اور انتشار پھیلانے والوں کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اب بھی چاہیے مذموم فسادی ایجنڈے کو چھوڑے اور سیاسی جماعتوں میں بیٹھے، پاکستان کو اس وقت اتفاق کی ضرورت ہے نفاق کی نہیں۔