معروف صحافی سید طلعت عباس شاہ کو سنگین دھمکیاں

کراچی (افضال ساگر) ایچ آر این ڈبلیو نیوز ایجنسی اور رائل نیوز ٹی وی سے وابستہ صحافی اور سماجی کارکن سید طلعت عباس شاہ کو ایک مرتبہ پھر جان سے مارنے کی دھمکیاں ملیں۔ اطلاعات کے مطابق ایچ آر این ڈبلیو کے کراچی دفتر میں ایک خط موصول ہوا جس میں شدت پسند گروہ Lej اور TTP نے انہیں “کافر” قرار دے کر ہدف بنانے کا اعلان کیا ہے۔

سید طلعت عباس شاہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ کسی دباؤ کے تحت اپنی صحافتی سرگرمیاں ترک نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ “میری آواز دبانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی، کیونکہ سچ لکھنا اور مظلوموں کی بات آگے پہنچانا میرا مشن ہے۔”

پولیس کو درخواست جمع کروا دی گئی ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق معاملہ سنگین نوعیت کا ہے اور سیکیورٹی ادارے اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ شاہ کو اس سے قبل بھی دھمکی آمیز پیغامات مل چکے ہیں جن میں ان سے اپنی تحریری اور صحافتی سرگرمیاں ترک کرنے کا تقاضا کیا گیا تھا۔

صحافتی تنظیموں اور انسانی حقوق کے اداروں نے اس واقعے کو آزادیٔ صحافت پر حملہ قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں ایسے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں اور صحافیوں کو سچ بولنے کی سزا جان سے مارنے کی دھمکیوں کی صورت میں دی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں