غزہ کے کئی علاقے ملبے کے ڈھیر میں بدلنے کے بعد قابض اسرائیل نے ایک بار پھر زمینی کارروائی کرنے کا اعلان کر دیا۔ اسرائیل نے 3 لاکھ فوجی غزہ کی سرحد کے قریب پہنچا دیے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیرِ دفاع نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس تبدیلی چاہتی ہے، اسے تبدیلی ملے گی۔ اسرائیلی وزیرِ دفاع کا کہنا ہے کہ غزہ پر فضائی حملے کے بعد زمینی کارروائی بھی کریں گے۔ علاوہ ازیں غزہ پر اسرائیل نے پانچویں روز بھی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ حماس کے مطابق غزہ پر رات بھر کے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 30 فلسطینی شہید ہوئے ہیں، اسرائیل نے رہائشی عمارتوں، مساجد، دکانوں اور فیکٹریوں کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق طیاروں نے گزشتہ رات غزہ میں 200 مقامات کو نشانہ بنایا جبکہ شمال میں آج صبح حماس کے 80 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ بھی پڑھیں: حماس اور اسرائیل کےدرمیان شدید جھڑپیں جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 900 سے زائد ہوگئی اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے ہلاک 14 فوجیوں کی شناخت ظاہر کر دی ہے جبکہ حماس کے حملے میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 170 ہوگئی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس کے حملے میں اب تک 12 سو سے زائد اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں زخمیوں، اسپتالوں اور ایمبولینسوں کو بھی نشانہ بنانے کی اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔






