سکوں سے بھری بوری لیکر بھکاری آئی فون خریدنے دکان پہنچ گیا

بھکاری آئی فون خریدنے کی خاطر سکوں سے بھری بوری لیے دُکان پر پہنچا تو اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک بھکاری سکوں سے بھری بوری تھامے ایک موبائل کی دُکان میں داخل ہوتا ہے۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ابتداً مذکورہ بھکاری کو دُکان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ملتی تاہم کچھ بحث و مباحثے کے بعد وہ دُکان میں داخل ہونے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔ مذکورہ بھکاری دکاندار سے آئی فون کی ڈیمانڈ کرتا ہے، پھر اسے موبائل کی قیمت ادا کرنے میں بھی مشکل پیش آتی ہے کہ دُکان دار سکوں میں ادائیگی قبول نہیں کرتا، لیکن بعد ازاں دکان دار راضی ہو جاتا ہے۔ ویڈیو کے اختتام پر بھکاری سکوں سے بھری بوری کو فرش پر خالی کرتا ہے اور آئی فون پرو میکس خرید کر دکان دار کے ساتھ تصویر بناتا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کو 34 ملین سے زائد بار دیکھا اور پسند کیا جا چکا ہے۔ کئی صارفین حیرانی کا اظہار کر رہے کہ بھکاری کے پاس آئی فون پرو میکس جیسے مہنگا موبائل خریدنے کی رقم کہاں سے آئی؟ جبکہ کئی صارفین اسے اسکرپٹڈ قرار دے رہے ہیں۔