کراچی میں بڑھتے اسٹریٹ کرائم کیخلاف عالمگیر خان میدان میں

 فکس اِٹ کے بانی اور پی ٹی آئی کے رہنما عالمگیر خان نے کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کے خلاف ٹاور سے سینٹرل پولیس آفس تک ریلی نکالی اور نعرے لگائے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پولیس کو سیاست سے الگ کرو، شہر میں مسلسل اسٹریٹ کرائم بڑھ رہا ہے اور پولیس سیاست دانوں کی انگلیوں پر ناچ رہی ہے، 50 روپے کی گولی میں ملزمان کسی بھی شہری کی جان لے لیتے ہے، متاثرین تھانوں کے چکر لگا لگا کر تھک جاتے ہیں لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوتی۔
عالمگیر خان نے مزید کہا کہ لوگ اپنے گھر کی دہلیز پر بھی محفوظ نہیں ہیں، جیسے ہی گھر کے دروازے پر پہنچتے ہیں تعاقب میں آنے والے ملزمان دن دھاڑے شہری کو لوٹ کر فرار ہوجاتے ہیں، کتنے ہی شہری ڈاکوؤں کی فائرنگ سے معذور بھی ہوگئے ہیں اور اب ان کا ذریعہ معاش کیا ہوگا جو گھر کا واحد کفیل ہے۔