وزیراعظم سیکا سمٹ میں شرکت کیلئے کل آستانہ روانہ ہوں گے

وزیراعظم شہباز شریف ایشیا میں روابط اور اعتماد سازی کے اقدامات کے بارے میں چھٹی سربراہ کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں جو کل قاز خستان کے دارالحکومت آستانہ میں ہوگی۔
کابینہ کے ارکان اور دوسرے اعلی حکام بھی دو روزہ کانفرنس میں ان کے ہمراہ ہوں گے۔
وزیراعظم جمعرات کو کانفرنس کی افتتاحی نشست سے خطاب کریں گے۔ وہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ایشیائی ممالک میں روابط، افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے ایک منفرد فورم کے طور پر کانفرنس کی اہمیت بھی اجاگر کریں گے۔
وزیر اعظم علاقائی اور عالمی امور کے بارے میں بھی پاکستان کے نکتہ نظر پر روشنی ڈالیں گے۔ سربراہی کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم ایشیائی کانفرنس کے رکن ممالک کے رہنمائوں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن کا مقصد خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔