قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلیے پولنگ کا عمل جاری

قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی، کراچی، ملتان، مردان، چارسدہ، پشاور، فیصل آباد اور ننکانہ سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی الیکشن ہورہا ہے۔
پنجاب اسمبلی کی نشستوں پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 209 خانیوال اور پی پی241 بہاولنگر میں ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔
تمام حلقوں میں سیکیورٹی کے لیے پولیس، رینجرز اور پاک فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور ہونے کے بعد خالی ہونے والی خیبرپختونخوا کی دو، پنجاب کی چار اور سندھ کی دو نشتوں پر ضمنی انتخابات آج ہورہا ہے۔
تینوں صوبوں میں پی ڈی ایم اور حکومت کی اتحادی جماعتوں کا پی ٹی آئی سے سخت مقابلہ ہوگا، جن میں سے 7 نشستوں پر خود عمران خان بطور امیدوار ہیں جبکہ ایک نشست پر شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے بلے کے نشان پر الیکشن لڑ رہی ہیں۔
خیبرپختونخوا کے حلقے این اے 22 مردان میں جمیعت علما اسلام کی جانب سے مولانا قاسم جبکہ چارسدہ حلقہ این اے 24 سے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل خان ولی کو ٹکٹ دیا گیا ہے، ان دونوں امیدواروں کی حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتوں نے حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ پی ڈی ایم امیدواروں کا مقابلہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے ہوگا۔
پنجاب کی تین نشستوں حلقہ این اے 108 فیصل آباد، ننکانہ صاحب این اے 118 سے مسلم لیگ ن نے بالترتیب عابد شیر علی اور ڈاکٹر شذرہ منصب علی کو ٹکٹ دیا ہے، جن کو پی ڈی ایم کی حمایت بھی حاصل ہے۔ ان دونوں حلقوں پر بھی لیگی امیدواروں کے مدمقابل عمران خان ہوں گے۔
علاوی ازیں کراچی کے حلقہ این اے 237 اور 239 میں عمران خان کے مدمقابل پی ڈی ایم نے بالترتیب عبدالحکیم بلوچ اور ایم کیو ایم کے نیئر رضا کو مشترکہ امیدوار نامزد کیا ہے۔ حلقہ این سے 237 میں مجموعی طور پر گیارہ جبکہ حلقہ این اے 239 میں مجموعی طور پر 22 امیدوار مد مقابل ہیں۔