نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان کا سانحہ کارساز کے حوالے سے جاری بیان میں کہنا ہے کہ سانحہ کارساز پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی سیاسی جماعت پر سب سے بڑا حملہ ہے۔
شیری رحمان نے کہا ہے کہ سانحہ کارساز کے شہداء اور زخمیوں کو سرخ سلام پیش کرتی ہوں، سانحہ کارساز کو آج 15 سال ہو گئے ہیں لیکن اس حملے کے ہماری دلوں پر زخم آج بھی تازہ ہیں، کارساز پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی سیاسی جماعت پر سب سے بڑا حملہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہزاروں جیالوں کے خون سے آج جمہوریت قائم ہے: آصف زرداری
انہوں نے کہا کہ کارساز حملے میں پیپلز پارٹی کے 180 سے زائد کارکنان شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے، 18 اکتوبر کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو نہیں ملک میں جمہوریت لوٹ آئی تھی، لاکھوں کی تعداد میں لوگ اپنی محبوب قائد کا استقبال کرنے کراچی کی چھوٹی بڑی شاہراہوں پر کھڑے تھے۔
شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکنان نے جمہوریت اور آئین کی بحالی کے خاطر سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، پاکستان کی سیاسی اور جمہوری تاریخ میں پیپلز پارٹی کے جان نثاران کی بہادری کی داستان سنہری الفاظ میں لکھی جائے گی۔






