جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت 3 مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت منظور

انسداد دہشتگردی کی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔ لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ جب یہ افسوسناک واقعہ ہوا تو درخواست گزار گرفتار تھے، 10مئی کو عمران خان نیب کی تحویل میں تھے، جیسے ہی پتا چلا کہ یہ واقعہ ہوا تو عمران خان نے شدید مذمت کی۔
بعد ازاں عدالت نے عمران خان کی 3 مقدمات میں 2 جون تک عبوری ضمانتیں منظورکرلی اور انہیں شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا۔
عدالت نے کہا کہ عمران خان صاحب آپ ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکےجمع کرائیں اور آپ نے تفتیش میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دینی، اس پر عمران خان نے کہا کہ آپ فکر نہ کریں۔
دوسری جانب انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے زمان پارک جلاؤگھیراؤ اورظل شاہ قتل کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو 2 جون کو سنایا جائے گا۔