کراچی (طلعت شاہ) دوسری خواتین سے بات کرنے سے روکنے پر سفاک شوہر نے اپنی بیوی کو پیٹرول چھڑک کر زندہ جلا دیا۔
شہر قائد میں سفاک شوہر نے دوسری خواتین سے بات کرنے سے منع کرنے پر اپنی بیوی کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی، جس سے وہ جھلس کر شدید زخمی ہو گئی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے مہران ٹاؤن میں سفاک شوہر نے بیوی کوتشدد کے بعد پیٹرول چھڑک کرآگ لگادی۔ آگ سے رابعہ نامی خاتون جھلس کر شدید زخمی ہوگئی، جسے فوری سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا۔
طبی ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون 40 فیصد جھلس چکی ہے جب کہ واقعے کا مقدمہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں کورنگی صنعتی ایریا تھانے میں اقدام قتل کی دفعہ کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ 2 سال قبل وقاص سے پسند کی شادی کی تھی۔ شادی کے بعد سے ہی وقاص کا رویہ ٹھیک نہیں تھا۔ انکی کوئی اولاد نہیں ہے، شوہر وقاص اکثر مارپیٹ اور تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔ شوہر وقاص کے دوسری خواتین سے تعلقات بھی تھے۔
