وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان عدالت جانے سے پہلے جے آئی ٹی میں پیش ہوں، ملک کیخلاف سازش کرنے اور ملکی مفاد کو داؤ پر لگانے کا حساب دیں، ملک کیخلاف عمران صاحب کی پوری پلاننگ بے نقاب ہو چکی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان آڈیو لیکس کے معاملے پر عدالت جانے کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں عدالت جانے سے پہلے جے آئی ٹی میں پیش ہونا چاہئے۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک کیخلاف سازش اور ملکی مفاد کو داؤ پر لگانے کا حساب دیں، چیئرمین پی ٹی آئی جرم کا اعتراف کرچکے، عدالت نہیں جیل جانے کا وقت ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران خان ریاست کو اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھانے کا جواب دیں، اقتدار کی خاطر ہارس ٹریڈنگ کا جواب دیں، سوال کا جواب نہ دینا اور جھوٹ بولنا عمران خان کا پرانا وطیرہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اعتراف جرم عمران خان نے کرلیا ہے، ملک کیخلاف عمران خان کی پوری پلاننگ بے نقاب ہو چکی ہے، آپ کے تماشے عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔






