پی ٹی آئی کاممکنہ لانگ مارچ، وزارت داخلہ میں امن وامان سے متعلق اہم اجلاس

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ کسی جماعت ، گروہ یا مسلح جتھے کو وفاق پر حملہ آور ہونے کی اجازت بالکل نہیں دی جائے گی۔
وزارت داخلہ میں پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ سے متعلق ہونے والے اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، صوبائی چیف سیکرٹریز، آئی جیز سمیت دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں آئی جی پنجاب فیصل شاہکار اور آئی جی خیبرپختونخوا معظم جاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ آئی جی و چیف کمشنر اسلام آباد، گلگت بلتستان و آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹریز اور آئی جی بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کی وفاق پر ممکنہ چڑھائی سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ شرکاء نے آئین و قانون کی مکمل پاسداری کی یقین دہانی کرا دی۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ کسی جماعت ،گروہ یا مسلح جتھے کو وفاق پرحملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، آئی جیز و چیف سیکرٹریز آئین و قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں اور وفاقی حکومت کی طرف سے مانگے کئے گئے وسائل اور نفری فراہم کی جائے۔
راناثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ریاست کو کسی گروہ یا مسلح جتھے کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیں گے، وفاق اور اُس کی اکائیاں مل کر ایسے غیر آئینی اقدامات روکنے کی پیش بندی کریں گے۔