غزہ پر اسرائیلی وحشیانہ بمباری اور جارحیت پر خاموش نہیں رہ سکتے ہیں: امیر قطر

قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ پر وحشیانہ بمباری اور ننگی جارحیت پر خاموش نہیں رہ سکتے ہیں، دو ریاستی حل کے بغیر فلسطین میں امن کا قیام خواب ہی رہے گا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے عالمی قوتوں سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو ختم کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا فلسطینیوں کی زمین پر اسرائیل کے قبضے کو نظرانداز کرنے کے بعد اب قتل عام پر بھی خاموش ہے۔ امیر قطر نے کہا ہے کہ مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے اسرائیل کو قتل عام کی کھلی اجازت مل گئی اور وہ ننگی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ پر وحشیانہ بمباری کر رہا ہے۔ شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے مزید کہا کہ اسرائیلی جارحیت پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ خواتین اور بچوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری حماس اور اسرائیل جھڑپوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 5 ہزار 700 سے تجاوز کرگئی جب کہ 1400 اسرائیلی مارے گئے۔