سندھ کے وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی نے اپنے متنازع بیان پر کراچی والوں سے معذرت کرلی ہے۔
ایک روز قبل میڈیا سے گفتگو کے دوران سعید غنی نے کراچی کے مسائل حل نہ ہونے کی ذمے داری کراچی کے شہریوں پر ڈال دی تھی اور کہا تھا کہ کراچی کے شہری اپنے شہر کے مسائل کو 100 گنا بڑھا کر بیان کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سعید غنی نے کراچی کے مسائل حل نہ ہونے کی ذمہ داری کراچی والوں پر ہی ڈال دی
صوبائی وزیر کو ان کے اس بیان پر رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) علی زیدی اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن سمیت دیگر سیاسی و سماجی حلقوں اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
تاہم گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں سعید غنی نے اپنے بیان پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر میرے بیان سے یہ تاثر گیا ہے کہ میں کراچی کے حالات کی ذمہ داری شہریوں پر ڈال رہا ہوں تو میں اُس پر معذرت کرتا ہوں‘۔






