پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں کی سیکیورٹی سے مطمئن ہیں: امریکا

امریکی صدر جو بائیڈن کے متنازع بیان کے بعد امریکی وزراتِ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ امریکا پُراعتماد ہے کہ پاکستان اپنے ایٹمی ہتھیاروں کی حفاظت کر سکتا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدنت پٹیل کا نیوز بریفنگ میں کہنا تھا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کی سیکیورٹی سے مطمئن ہیں، پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں، پاکستان عالمی برادری سے اپنے معاہدے پورے کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ محفوظ اور خوشحال پاکستان کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھا ہے۔
واضح رہے امریکی صدر جو بائیڈن نے ڈیموکریٹک کانگریشنل کیمپین کمیٹی سے خطاب میں پاکستان کو خطرناک ترین ملک قرار دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کے خطرناک ترین جوہری ممالک میں سے ایک ہے۔ پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کے بارے میں کوئی با ضابطگی اور ہم آہنگی نہیں۔